پاکستان کی دراز قد شخصیت نصیر سومرو کی مستقل علالت کو پیش نظر رکھتے ہوٸے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عزرا پیچھو کی طرف سے فوری نوٹس لیا گیا ہے ۔
سندھ حکومت نے آغا خان ہسپتال کو سومرو کے مکمل علاج کے احکامات جاری کیے ہیں ۔
محکمہ صحت سندھ کی طرف سے آغا خان ہسپتال کو آج ایک لیٹر جاری کیا گیا ہے ، جس کے تحت نصیر سومرو کے علاج کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
خیال رہے کہ سومرو گزشتہ 4 سالوں سے پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے وہ شدید علیل رہتے ہیں۔
دو سال قبل 2019 میں بھی کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں سومرو چھ دن سے زائد عرصے تک وینٹی لیٹر پر رہے تاہم آئی سی یو کے عملے ، ڈاکٹروں اور معاون ٹیم کی انتھک کوششوں کے بعد ان کی طبعیت میں بحالی دیکھتے ہوٸے انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔
اب کی بار وزیر صحت سندھ نے نصیر سومرو کے علاج کی از خود ذمہ داری لیتے ہوٸے کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سومرو کے مکمل علاج کی ہر ممکن کوشش کی جاٸے گی ۔
نصیر سومرو ، سات فٹ اور نو انچ لمبا پاکستان کا دوسرا دراز قد شخص ہے۔ سومرو شکار پور کا رہنے والا اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا ملازم ہے۔