کراچی: مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم اور را کے تعلقات کا ساڑھے 4 سال پہلے بتا دیا تھا، نظریہ ضرورت کے تحت متحدہ پاکستان بنائی گئی، پارٹی کا نام، نشان اور جھنڈا بانی متحدہ کا دیا ہوا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا خالد مقبول صدیقی متحدہ بانی کی ہدایت پر 2000 میں بھارت گئے، خالد مقبول نے ’را‘ کیساتھ بیٹھ کر پاکستان کیخلاف بات کی، خالد مقبول صدیقی نے بھارت میں بیٹھ کر پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا، را نے خالد مقبول کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کیا جس پر وہ امریکا گئے، امریکی حکام نے خالد مقبول کو گرفتار کیا اور وہ ضمانت پر باہر آئے، خالد مقبول صدیقی 13 سال بعد پاکستان واپس آئے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا خالد مقبول صدیقی امریکا سے آنے کے بعد متحدہ کے سربراہ بن جاتے ہیں، آج ایم کیو ایم کا نام سن کر خالد مقبول اور عامر خان کی یاد نہیں آتی، ایم کیو ایم کا نام سن کر لوگوں کو بانی متحدہ یاد آتا ہے، حکومت خود بانی ایم کیو ایم کو بھولنے نہیں دے رہی۔