عمران خان کے متنازع بیان پر پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نجی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں پاکستان سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

 

پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کے بیان کی مذمت کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ عمران خان کے بیان پر گلی گلی احتجاج کیا جائے۔

 

آصف زرداری نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔ یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے، ملک کے تین ٹکڑے کرنے کی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی پوری نہیں ہوسکتی۔

 

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھاکہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اور اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے گئے تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔

 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ عمران خان پاک افواج اور ملک سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔

 

سینٹ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ نجی ٹی وی کو دیا گیا عمران خان کا انٹرویو مکمل دیکھا جائے، ایک حصہ کو پیش کرکے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ عمران خان پاک افواج اور ملک سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts