پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم انہوں نے بنوایا تھا لیکن عمران خان نے انکا شکریہ تک ادا نہیں کیا۔
جاویدمیانداد نے عید کے موقع پر اے آر وائی پر وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں شرکت کی جس میں جاوید میانداد نے کہا کہ آج آپ کے سامنے بول رہا ہوں کہ عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنایا تھا۔
میزبان نے سوال کیا وہ کیسے؟ اس پر جاوید میانداد نے مسکراتے ہوئے کہا ‘کچھ اللہ والے لوگ بھی تو ہیں نا، ان کو وزیر اعظم بننے کے بعد فون پر شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا’۔
وسیم بادامی نے سوال کیا کہ کیا آپ ان کی حلف برداری کی تقریب میں گئے تھے؟ جواب میں جاوید میانداد نے کہا میں بالکل گیا تھا اور وہیں بیٹھا تھا لیکن انہوں نے میرا شکریہ ادا نہیں کیا تو مجھے دکھ ہوا تھا، میں نے کہا تمہارا فرض بنتا تھا ورنہ میرے گھر رات 2 بجے کیا لینے آئے تھے۔
جاویدمیانداد کا کہنا تھا کہ اگر میں عمران خان کے ساتھ ہوتا تو آج ان کے ساتھ یہ نہ ہوا ہوتا، میں ہونے نہیں دیتا، وہ میری بات سنتے تھے، میں اگر وزیر اعظم بنوا سکتا تھا تو ہٹوانے سے روک بھی سکتا تھا۔
جاوید میانداد نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ اب میرے خیال میں عمران خان کا دوبارہ وزیر اعظم بننا کافی مشکل ہوگیا ہے۔