عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد علاقہ کا ایک شہری کے الیکٹرک پر قتل کا مقدمہ درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ شہری حاجی لیاقت نے کے الیکٹرک کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے عامرلیاقت حسین کی موت کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے انکے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست گزار حاجی لیاقت نے خود کو مہاجر قومی موومنٹ کا رکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عامرلیاقت حسین کے گھر کے قریب رہائش پذیر ہے۔
عامرلیاقت حسین کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر دیکھی تو فوری انکے گھر پر پہنچا تو انکی میت چھیپا ایمبولینس میں رکھی جارہی تھی۔ حاجی لیاقت نے دعوٰی کیا کہ عامر لیاقت حسین کی موت گھر میں جنریٹر کا دھواں بھرجانے کے باعث ہوئی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے علاقے میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور یہی لوڈشیڈنگ عامرلیاقت کی موت کی وجہ ہے۔ کے الیکٹرک کے مالک، جی ایم بہادر آباد زون ٹیپوسلطان روڈ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی کی جائے۔
درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ عامرلیاقت حسین کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور دوسرے شہریوں کو قتل سے بچایا جائے۔