ضلع ملیر کا علاقہ محمد نگر ضلع کورنگی میں شامل کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے ضلع ملیر میں شامل علاقہ محمد نگر کو ضلع کورنگی میں شامل کرنے کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردئے۔

 

سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں محمد نگر کو واپس ضلع ملیر میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست محمد نگر کے رہائشی کامران نواز و دیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

 

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 2017 کی مردم شماری میں ضلع ملیر کا کچھ حصہ محمد نگر ضلع کورنگی میں شامل کردیا گیا۔

 

دوہزاراٹھارہ کے الیکشن میں غلطی کی نشاندہی کی تھی، اس وجہ سے اس علاقے کو پی ایس 89 ملیر میں شامل کردیا گیا تھا۔ موجودہ حلقہ بندیوں میں اس علاقے کو ملیر کی یوسی 6 میں شامل کیا گیا ہے لیکن اسکی آبادی کو یونین کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔

 

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا گیا ۔ رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ بیورو آف اسٹیٹیکس نے ابھی تک محمد نگر کی آبادی کو ضلع ملیر میں شامل نہیں کیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ محمد نگر کو ضلع ملیر میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔  

 

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts