سندھ کے اسکولوں میں 50 فیصد حاضری کے فیصلہ پر عمل درآمد کا آغاز

پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلہ کی روشنی میں محکمہ تعلیم سندھ نے احکامات جاری کردئے ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر نئے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

 

این سی او سی کے فیصلہ کی روشنی میں تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی حاضری 50 فیصد ہوگی۔ 12 برس سے کم عمر کے بچے متبادل دنوں میں ایک دن ناغے سے اسکول آیا کریں گے۔

 

نوٹی فکیشن کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لئے اسکول کالجز میں تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ بچوں کے لئے ویکسین لگوانا ضروری ہے اور یکم فروری تک 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لئے کم از کم ایک ویکسین لگوانا لازمی ہے۔

 

بیماری کے علاوہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں میں ویکسینیشن نہ کروانے کا کوئی عذر قبول نہیں کیا جائےگا۔ اسکولوں میں بچوں کی ٹیسٹنگ مہم بھرپور طریقہ سے جاری رکھی جائے گی۔

 

واضح رہے 12 سال سے کم عمر بچوں کی 50 فیصد حاضری کی پابندی کا اطلاق صرف 10 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز کی شرح والے شہروں میں ہوگا۔ این سی او سی کے مطابق نئی پابندیاں اکتیس جنوری تک برقرار رہیں گی۔ ستائیس جنوری کو اجلاس میں صورتحال کا مزید جائزہ لیا جائےگا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts