کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر ڈائریا کی وبا پھیل گئی۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی بڑی تعداد ڈائریا سے متاثر ہونے لگی۔ صرف شہر کراچی میں ہی 11 ہزار سے زائد بچے ڈائریا میں مبتلا ہوگئے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہرقائد میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں میں ڈائریا کے 11 ہزار 333 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 5 سال سے زائد عمر کے افراد میں 14 ہزار 723 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈائریا وبا کے باعث متعدد افراد زندگی کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں دست و اسہال کے باعث ایک موت ہوچکی ہے۔ دادو اور عمرکوٹ میں بھی ایک ایک اموات ہوچکی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبہ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد ڈائریا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مجموعی طور پر 78 ہزار 332 افراد اس بیماری کا شکار ہے۔
حیدرآباد میں ڈائریا کا شکار ہونے والے 5 سال سے کم عمربچوں کی تعداد 34 ہزار 701 ہے جبکہ 5 سال سے زائد عمر کے 43 ہزار 631 افراد دست و اسہال کی بیماری میں مبتلا ہیں۔
مجموعی طور پر سندھ بھر میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں ڈائریا کے 78 ہزار 818 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 5 سال سے زائد عمر کے افراد میں ڈائریا کے 85 ہزار 104 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔