سینیٹ انتخابات 2024ء کے حوالے سے امیدواروں کے حتمی فہرست جاری ہوگئی ۔سندھ سے سینیٹ کی خالی 12 نشستوں کے مجموعی طور پر 35 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے، جن میں سے 14 نے کاغذات واپس لے لئے، مختلف جماعتوں کے 12 اور 7 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔
سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں کے لئے 21 امیدوار میدان میں اترے تھے جن میں سے محمد ابوبکر، عبدالرائوف صدیقی ، شبیر احمد قائم خانی، جاوید احمد نایاب، گنور علی خان اسران اور محمد نجیب ہارون نے کاغذات واپس لے لئے ہیں اور اب 7 نشستوں کے لئے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔
ان امیدواروں میں فیصل واوڈا، عامر ولی الدین چشتی، اشرف علی جتوئی ، سید مسرور احسن، سید کاظم علی شاہ ، جین خان سرفراز راجڑ، ندیم احمد بھٹو، دوست علی جیسر ، علی طاہر، میر راجہ خان جکھرانی، عبدالوہاب اور شہباز سرفراز شامل ہیں۔
علماء اور ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لئے 4 امیدوار ضمیر احمد گھمرو، سرمد علی ، منظور احمد بھٹہ اور عبدالوہاب شامل ۔ خواتین کی 2 نشستوں کے لئے 3 امیداروں کے لئے قرۃ العین مری، روبینہ قائم خانی، اور مہ جبین ریاض ، جبکہ اقلیت کی ایک نشست کے لئے2 امیدوار ہیں جن میں پنجو بھیل اور بھگوان داس شامل ہیں۔
پیپلزپارٹی نے 7 نشستوں کے لئے 6 اور ٹیکنوکریٹ اور خواتین کے لئے 2، 2 جبکہ ایک اقلیتی نشست کے لئے ایک امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے جنرل نشست پر عامر ولی الدین چشتی کو ٹکٹ دیا اور آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی حمایت کی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق سینیٹ کی 48 نشستوں کے لیے 2 اپریل کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی۔