پاکستان کے صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں مون سون کے آغاز نے ہی ریکارڈ توڑ ڈالے۔ شدید بارشوں کے ماہ جولائی میں مون سون کی بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
وزارت موسمياتى تبدیلی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سندھ میں ہوئی جو معمول سے 61 ملی میٹر زیادہ تھی، جب کہ بلوچستان میں 39 ملی میٹر زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں 10.5 ملی میٹر، اور بلوچستان میں 6.9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ آزاد جموں و کشمیر میں معمول سے تقریباً 10 ملی میٹر زیادہ بارشیں ہوئیں۔
-ملک میں مون سون کی بارشیں 87٪ زیادہ ہوئی ہیں
-پاکستان کو ماحولیاتی کرائسز کا سامنا ہے
-آئندہ چند سالوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
-اگرچہ بارشوں سے ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے، پانی کو احتیاط سےاستعمال کرنا ہوگا~وفاقی وزیرماحولیاتی تبدیلی، شیری رحمان pic.twitter.com/a2Emz8ny96
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) July 6, 2022
گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ مجموعی طور پر ملک میں معمول سے 28 ملی میٹر زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج بروز ہفتہ 9 جولائی سے 12 جولائی کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
میٹ آفس کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جب کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔