پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپرلیگ میں پہلے سیزن سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد ٹک ٹاکر بن گئے ہیں۔ سرفرازاحمد نے باضابطہ طور پر معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنالیا ہے۔ جو کہ تصدیق شدہ ہے۔ سرفرازاحمد کے مداح اسے بہت پسند کررہے ہیں۔
ٹک ٹاک جوائن کرنے کے چند گھنٹوں میں ہی سرفرازاحمد کے اکاؤنٹ پر 20 ہزار سے زیادہ فالوورز آگئے جبکہ انکی پوسٹ کی گئی 2 ویڈیوز کو بھی 8 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا۔ سرفرازاحمد کے چاہنے والے تیزی سے ٹک ٹاک پر انہیں فالو کررہے ہیں۔
سرفرازاحمد نے آداب عرض ہے کے عنوان کے ساتھ پہلی ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کی جس میں انہوں نے ٹک ٹاک پر آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ دوسری ویڈیو سرفراز احمد نے پی ایس ایل سیون کے ٹریننگ سیشن کی پوسٹ کی۔ کھیلےگا پاکستان کے ہیش ٹیگ کے ساتھ پوسٹ کی گئی ویڈیو میں سرفرازاحمد پریکٹس میں بہترین ردھم میں نظر آرہے ہیں۔
سرفرازاحمد پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ سرفرازاحمد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے واحد کپتان ہیں جنہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سےزیادہ فتوحات کا اعزاز حاصل ہوا۔ سرفرازاحمد کی قیادت میں ہی پاکستان نے پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائیٹل بھی اپنے نام کیا۔