شہرقائد میں محکمہ تعلیم کے نوٹی فکیشن کے مطابق بیشتر اسکول اور کالجز میں موسم گرما کے تعطیلات کے بعد یکم اگست سے تدریسی عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ لیکن چند نجی اسکولوں میں تاحال بچوں کی چھٹیاں جاری ہیں۔
کراچی میں چند نجی اسکولوں نے حکومتی احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ تعلیم کو آگاہ بھی نہیں کیا گیا۔
شہرقائد کے بڑے اور نامور اسکولوں میں شمار کئے جانے والے بیکن ہاؤس، کراچی پبلک اسکول اور فاؤنڈیشن پبلک اسکول کی جانب سے تعطیلات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
کانوینٹ آف جیزیز میری اسکول اور ٹرینیٹی اسکول میں بھی اب تک تدریسی عمل شروع نہیں ہوا ہے۔ ان تمام اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 11 اگست تک بڑھادی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق اسکولوں نے تعطیلات میں اضافہ کے حوالے سے حکام کو آگاہ نہیں کیا ہے اس سلسلے میں چھٹیاں بڑھانے والے اسکولوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔