کراچی کی لانڈھی جیل میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا گیا۔ ماہی گیر لانڈھی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے۔ انہیں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور بلااجازت مچھلیوں کا شکار کرنے والے بھارتی ماہی گیروں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا گیا ہے۔ ماہری گیروں کو بذریعہ بس لاہور منتقل کیا جائے گا جہاں واہگہ بارڈر پر انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن برداشت کررہا ہے۔ ترجمان ایدھی فاونڈیشن کے مطابق رہا کیے گئے ماہی گیروں کو فی کس پانچ پانچ ہزار روپے نقدی اور استعمال کا ضروری سامان بھی دیا گیا ہے۔
لانڈھی جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عظیم تھیبو کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 588 بھارتی ماہی گیر موجود ہیں جس میں سے 42 کے کیسز چل رہے ہیں ، 516 سزا یافت ہیں۔ بھارتی قیدیوں میں 10 سویلین قیدی بھی ہیں۔
عظیم تھیبو کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں بھی620 پاکستانی ماہی گیر موجود ہیں جن کی رہائی کےلیے بھارت کو اقدامات کرنےچاہیں۔