پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں متعدد ریکارڈز قائم کردئے۔ بابراعظم نے ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی اور ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
بابراعظم ون ڈے کیرئیر کی 19ویں سینچری اسکور کی اور ایک روزہ فارمیٹ میں کپتان نے تیزترین 19 سینچریاں کرنے کا ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بابراعظم نے یہ اعزاز ون ڈے کیرئیر کی 102ویں اننگز میں حاصل کیا۔
سینچری اسکور کرنے کے بعد بابراعظم نے تیزی سے اسکور کو آگے بڑھایا اور ون ڈے کیرئیر میں دوسری مرتبہ ڈیڑھ سو سے زائد رنز کی اننگز کھیلی۔
بابراعظم 131 گیندوں پر 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے اور اسطرح انہوں نے اپنے ون ڈے کیرئیر کی دوسری بڑی انفرادی اننگز کھیلی۔ بابراعظم کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 158 رنز کی ہے۔
اننگز کے دوران بابراعظم نے مسلسل 3 گیندوں پر 3 چھکے بھی لگائے اور یہ پہلا موقع تھا جب بابراعظم نے مسلسل تینوں گیندوں پر تین چھکے لگانے کا کارنامہ انجام دیا۔
میچ میں بابراعظم نے افتخاراحمد کے ساتھ ملکر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 214 رنز اسکور کئے اور ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے۔