Search
Close this search box.

بٹگرام کا معمر شہری 18 برس بعد زمین کا مقدمہ جیتنے پر خوشی میں زندگی کی بازی ہار گیا

پاکستان کی عدالتوں میں سالوں سے ہزاروں کیسز سماعت کے منتظر ہیں۔ ایسے ہی ایک کیس میں بٹگرام کے معمر شہری کو 18 برس بعد انصاف ملا تو وہ خوشی میں دنیا سے چل بسا۔

بٹگرام کے شہری عمرعلی نے 2003 میں بٹگرام میں 3 کنال کی زمین خریدی تو ہمسائیوں نے مقدمہ کردیا۔ عمر علی نے ماتحت عدالت کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع کیا لیکن ہائی کورٹ نے بھی انکے خلاف فیصلہ دیا۔

عمرعلی نے 2017 میں سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی۔ 5 برس بعد یہ کیس سماعت کیلئے مقرر ہوا اور سپریم کورٹ نے پہلی ہی سماعت میں اس کیس کا فیصلہ کردیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے دلائل سننے کے بعد عمر علی کی اپیل منظور کر لی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کر دیا ۔

کورٹ روم میں فیصلے آنے کے بعد جذباتی مناظر تھے۔ عمرعلی نے وکیل سے پوچھا کہ کیا فیصلہ ہوا ؟ بابا جی آپ کے حق میں فیصلہ ہو گیا یہ سننا تھا کہ عمر رسیدہ شخص عمر علی نے خوشی سے بھر آنے والی آنکھوں میں حیرت لیے اپنے وکیل سے پوچھا کہ وکیل صاحب میرے حق میں فیصلہ ہوا ہے ؟

وکیل نے جواب دیا کہ’ہاں جی آپ کے حق میں ہوگیا‘ اور یہ کہہ کر وکیل آگے بڑھ گئے تو یکدم لوگوں نے انہیں آواز دے کر کہا آپ کا موکل گر گیا ہے۔

میرے حق میں فیصلہ ہو گیا یہ وہ آخری الفاظ تھے جس کے بعد بٹگرام کے رہائشی کو دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گیا، انہیں طبی امداد دی گئی ایمبولینس منگوائی گئی لیکن پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹرز نے کہا عمر علی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں