ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ پاکستان اے ٹیم نے نیپال کا 180 رنز کا ہدف 32.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کیا۔
سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نیپال کے سومپل کامی 75 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان اے ٹیم کے شاہنواز دہانی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ محمدوسیم جونیئر نے بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مبصر خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان اے ٹیم نے جواب میں 32.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان اے ٹیم کی جانب سے محمد طیب طاہر 51 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
حسیب اللہ نے 12، صائم ایوب نے 24، عمیر بن یوسف نے 36، کامران غلام نے 31، کپتان محمدحارث نے 9 رنز بنائے۔ مبصر خان 1 اور عماد بٹ 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہنواز داہانی کو عمدہ باؤلنگ پر پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔
ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 19 جولائی کو کھیلے گی۔ یہ میچ بھی کولمبو کے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔