ایشین گیمز میں کرکٹ ایونٹ کیلئے پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ قاسم اکرم ایشین گیمز میں گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔
پی سی بی نے ایشین گیمز کے لئے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں 8 کھلاڑی انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان قاسم اکرم، نائب کپتان عمیر بن یوسف، عامر جمال، عرفات منہاس، ارشد اقبال، آصف علی، اور حیدرعلی شامل ہیں۔ خوشدل شاہ، مرزا طاہر بیگ، محمدحسنین، محمد اخلاق، روحیل نذیر، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم اور عثمان قادر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
🚨 Qasim Akram to lead Pakistan Shaheens in the 19th Asian Games, set to take place in Hangzhou, China 🏏
Read more ➡️ https://t.co/dEgBl54Xvx pic.twitter.com/iqYnYm2m7G
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 24, 2023
قومی اسکواڈ میں شامل عامر جمال، ارشد اقبال، آصف علی، حیدرعلی، خوشدل شاہ، محمد حسنین ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر مختلف فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے28 ستمبر سے7 اکتوبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں منعقد ہونگے اور یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت ہونگے۔ ایونٹ کے قواعدوضوابط کے مطابق پاکستان شاہینز کوارٹرفائنل سے آغاز کرے گی۔
ایشین گیمز کے میچز 3 اور 4 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔سیمی فائنلز 6 اکتوبر کو ہونگے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل 7 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان نے 2010 میں چین کے شہر گونگ زومیں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔