پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچنے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر آج مزید سستا ہوگیا۔
انٹربینک میں آج کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر گرنے لگی۔ ڈالر اب تک 2 روپے 44 پیسے سستا ہوچکا ہے اور انٹربینک میں ایک ڈالر 302 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں 2 روپے 4 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 304 روپے 94 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر آج مزید 5 روپے سستا ہوگیا ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا ملا جلا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ 100 انڈیکس 74 پوائنٹس اضافے کے بعد 45 ہزار 831 پر آگیا ہے جو گزشتہ روز 45 ہزار 757 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔