صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے 7دسمبر 2023 کو قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور قومی ووٹرز ڈے منانا بھی اِس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، انتخابات کے پُرامن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔
ووٹ کے قومی فریضے کی ادائیگی کیلئے رائے عامہ کو ہموار اور تیار کیا جاتا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے جمہوری عمل کو اُمیدواروں کیلئے سہل بنانے اور غیر جانبدار رکھنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو اور جاری بیان کہی ہے۔
اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ایک قومی فریضہ ہے الیکشن کمیشن کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام ایسے اقدامات کرے جن سے انتخابی نظام کو تقویت ملے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی رہنمائی اور قیادت میں الیکشن کمیشن انتخابات کے جمہوری عمل کو منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار رکھنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین ، افراد باہم معذوری اور ٹرانس جینڈر پر ہمیشہ خاص توجہ دی ہے۔
خواتین سمیت تمام محروم طبقات کی انتخابی عمل میں شمولیت کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ضلعی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیز بنائی گئی ہیں، جو ہر ماہ اضلاع میں وقتاً فوقتاً ووٹرز آگاہی مہم کے سلسلے میں مختلف یونین کونسل کی سطح پر پروگرام کا انعقاد کررہی ہیں اور نادرا کے اشتراک سے صوبے بھرمیں موبائل رجسٹریشن وین پسماندہ علاقوں میں پہنچائی گئی ہیں جس سے خواتین ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن خواتین کی اہمیت کو جانتے ہوئے ووٹنگ کے عمل میں اُن کی شمولیت بڑھانے کیلئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کررہی ہے۔ الیکشن ایکٹ 2017میں الیکشن میں شمولیت کیلئے خواتین کی 5فیصد نمائندگی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت زیادہ سے زیادہ اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارو مدار صاف و شفاف الیکشن پر مبنی ہے۔ لہٰذا اِس قومی فریضے میں ہر شخص کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔
ووٹرز ایجوکیشن پروگرام الیکشن کمیشن کا ایک اہم جُز ہے جس کے ذریعے ووٹرز کی آگاہی ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے کمیونٹی کو موبالائز کرنا شامل ہے جس کیلئے ضلعی سطح پر سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیز تشکیل دی جاچکی ہیں۔ ووٹ دینا محض ایک ضرورت نہیں بلکہ ہر شہری کا اولین فرض ہے۔ اپنے حلقے میں بہترین اُمیدوار کو ووٹ دے کر منتخب کرنا ہے آپ کی قومی ذمہ داری ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے اہم اقدامات اُٹھائے ہیں۔ ان ٹیکنالوجیز میں 8300ایس ایم ایس سروس، آئن لائن ریکروٹمنٹ سسٹم، آٹومیٹڈ انٹری، ریٹن ٹیسٹ سسٹم، ای سی پی ویڈیوکانفرسنگ سسٹم موبائل ایپ، آر ایم ایس رپورٹنگ موڈیول، الیکشن کمیشن کے ملک بھر کے ذیلی دفاتر کی خود کار آٹومشین، سینیٹ الیکشن 2021میں آن لائن اسکروٹنی سسٹم کا استعمال کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل سسٹم، جی آئی ایس پولنگ اسٹیشن مینجمنٹ سسٹم، آئن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ ای سی پی ہیلپ لائن سروس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اب سماجی رابطوں کے فورم پر بھی الیکشن کمیشن موجود ہے اور فیس بک، یوٹیوب، ٹویٹر اور اپنی ویب سائٹ کے ذریعے عوام الناس کو مصدقہ اطلاعات بروقت مہیا کررہا ہے۔
آج کے دن ہم سب نے یہ عہد کرنا ہے کہ ووٹ کی ادائیگی ایک مقدس قومی فریضہ اور ہماری ذمہ داری ہے۔ اِس قومی فرض کی ادائیگی کے بغیر ہم بحیثیت قوم ترقی کی تیز رفتار منازل طے کرنے سے قاصر رہیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ ووٹر کے اندراج سے لیکر ووٹ کاسٹ کرنے تک تمام امور میں شراکت کو بڑھایا جائے اور ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کو معقول حد تک لایا جائے، پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھانے، ٹیکنالوجی کے استعمال اور خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اِس سلسلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ووٹرز کے اندراج سے لیکر ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت کو بڑھانے کیلئے سب کا تعاون درکار ہے۔ ہمیں گھر گھر اِس آواز کو پہنچانا ہے کہ ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہے۔