حکومت اور اپوزیشن کو اسلام آباد میں ریڈ زون میں موجود ڈی چوک پر جلسہ کی اجازت نہ مل سکی۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی مسائل کے باعث دونوں فریقین کو ڈی چوک سمیت ریڈ زون میں جلسہ کرنے سے منع کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور پی ڈیم ایم پر مشتمل اپوزیشن کو آگاہ کردیا ہے کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے ایک ساتھ جلسہ کرنے کی صورت میں تصادم کا خطرہ ہے اور سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہوسکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کو ڈی چوک پر جلسہ کی اجازت نہ دیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ حکومت پریڈ گراؤنڈ کی پارکنگ میں اپنا جلسہ کرے جبکہ اپوزیشن کو میٹرو اسٹیشن کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دنوں فریقین کو کہا ہے کہ جلسہ کا مقام تبدیل کرکے دوبارہ درخواست دیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نواز ، جمعیت علماء اسلام (ف) سمیت متعدد اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل پی ڈیم ایم نے اعلان کیا تھا کہ 25 مارچ سے کارکنان کی اسلام آباد آمد شروع ہوجائے گی اور ممکنہ طور پر 26 یا 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسہ کیا جائے گا۔
حکومت نے بھی جواباً 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسہ کا اعلان کرتے ہوئے 10 لاکھ کا مجمع جمع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 27 مارچ کو عدم اعتماد سے متعلق قومی اسمبلی کا اجلاس متوقع تھا اور حکومتی نمائندہ نے اپوزیشن کو چیلنج کیا تھا کہ انہیں عوام کے جم غفیر میں سے گزر کر اجلاس تک پہنچنا ہوگا۔