Search
Close this search box.
تازہ ترین پاکستان

سوات میں سفارت کاروں پر حملہ، غیر ملکی سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا

خیبرپختونخوا حکومت نے غیر ملکی سفارت کاروں پر ہونے والے حملے کے بعد سوات میں غیر ملکی سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو لنڈا کے چیک پوسٹ پر روکا گیا، دونوں میاں بیوی سوات میں سیر و تفریح کیلئے آ رہے تھے۔

دو روز پہلے سوات میں غیرملکی سفارت کاروں کے قافلے کو سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ سڑک کنارے قافلے سے سیکیورٹی اسکواڈ میں شامل پولیس کی گاڑی اس دھماکہ خیز مواد کی زد میں آئی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ پر صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کی ہے۔ایوان صدر سے جاری ایک بیان کے مطابق، صدر زرداری نے شہید پولیس کانسٹیبل کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

اس حملے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے فوری طور پر غیر ملکی سیاحوں کے سوات میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

سوات میں موجود سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور مقامی انتظامیہ نے بھی عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی عارضی ہے اور جیسے ہی سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی، غیر ملکی سیاحوں کو دوبارہ سوات میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔

سیاحوں کے داخلے پر پابندی پر مقامی لوگوں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے سیاحت سے وابستہ صنعت سوات کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے، اور یہ پابندی اس صنعت کو وقتی طور پر متاثر کر سکتی ہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں