Search
Close this search box.
پاکستان کراچی دنیا تازہ ترین نمایاں خصوصیت

غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کا ایک سال مکمل، پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ایک سال مکمل ہوگیا، اس جنگ میں غزہ کی بستیاں قبرستان اور مکانات کھنڈروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مظاہروں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان بھر میں آج فلسطینیوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جا رہا ہے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی میں پیغام جاری کیا اور دوسری طرف جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا- پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت غزہ میں اسرائیلی جارحیت خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں بچوں کی غزہ کانفرنس کا انعقادکیاگیا۔ شاہراہ قائدین پر منعقدہ کانفرنس میں اسکولز کےہزاروں بچوں نے فلسطینی جھنڈے اٹھائے شرکت کی اور غزہ کےمعصوموں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ اس وقت بدترین بمباری کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور اس پر عالمی قوتوں کی خاموشی اتنی ہی قابل مذمت اور تشویشناک ہے جتنے اسرائیل کے مظالم۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجھ سمیت آج پوری قوم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا رہی ہے، 7 اکتوبر کو فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کی نئی لہر کو شروع ہوئے پورا ایک برس بیت چکا، عالمی قوتوں، بین الاقوامی اداروں، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت کا تمسخر اڑاتے ہوئے اسرائیل اب تک بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت 41 ہزار نہتے فلسطینیوں کا قتل عام، لاکھوں کو زخمی اور بے گھر کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن میرا عالمی برادری کو پیغام ہے کہ اسرائیل کے ظلم و ستم اور نسل کشی کو اگر نہ روکا گیا تو یہ خطے کے امن کو تباہ کرکے ایسے کشیدہ حالات پیدا کر سکتی ہے جس کے منفی نتائج سے دنیا کا کوئی ملک متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے گا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے بانی، حضرت قائد اعظم کی پیروی کرتے ہوئے نہ صرف ظلم و جبر اور غیر قانونی غاصبے کی بنیادوں پر کھڑی اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ اس کے جبر و استبداد کی بھرپور مذمت کے ساتھ ساتھ اس کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستانی حکومت اور اس کے عوام کے دل اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان اسرائیلی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا، آج جب ہم پاکستان میں قومی سطح پر یوم یکجہتیِ فلسطین منا رہے ہیں میرا پوری دنیا کو یہ پیغام ہے کہ فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

دوسری طرف یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک سال میں 50 ہزار لوگوں کو شہید کیا ہے، 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل شکست کھا چکا ہے، اب اسرائیل صرف نہتے بچوں کو ماررہا ہے،گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھ رہا ہے، اسرائیل اپنے لوگوں کو مطمئن کرنے کیلئے کارروائیاں بڑھا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا مسلسل اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے، امریکا ،اسرائیل اور بھارت کا شیطانی قسم کا اتحاد بنا ہوا ہے، مسلم حکمران وہ کردار ادا نہیں کر رہے جو انہیں کرنا چاہیے، ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، ہم فلسطین کا مقدمہ لڑیں گے،وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کو واضح پیغام ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کا مقدمہ پاکستان، سعودی عرب، ایران اور لبنان سمیت تمام امت مسلمہ کا مقدمہ ہے۔ فلسطین کا مقدمہ کسی پارٹی یا کسی ملک کا نہیں ہے، اسلامی ممالک اور ہم خیال ممالک کی ایک سمٹ بلائی جائے، وقت آگیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، پاکستانی فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں، حکومت پر اس سلسلے میں دباؤ قائم رکھا جائے، عرب ممالک سامنے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ایک سال مکمل ہونے پر دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں افراد نے بڑے شہروں میں مظاہرے کیے، جس میں غزہ اور مشرق وسطیٰ میں جاری خونریزی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لندن میں تقریباً 40 ہزار مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مارچ کیا جبکہ ہزاروں افراد پیرس، روم، منیلا، کیپ ٹاؤن اور نیویارک سٹی میں بھی جمع ہوئے۔

اس کے علاوہ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب بھی مظاہرے ہوئے، جہاں اسرائیل کے فوجی حملوں میں امریکی حمایت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

لندن میں اسرائیل کے خلاف فلسطین سالیڈیرٹی کیمپین اور دیگر جنگ مخالف تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کا آغاز رسل اسکوائر سے کیا۔ مظاہرے کے شرکاء غزہ پر حملے کے ایک برس مکمل ہونے پر اسرائیل مخالف نعرے لگاتے ہوئے وائٹ ہال پہنچے۔

اس کے علاوہ امریکا میں بھی ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، نیویارک سٹی کے ٹائمز اسکوائر پر مظاہرین نے سیاہ اور سفید لباس پہن رکھا تھا اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں اسرائیل پر اسلحے کی پابندی سے متعلق مطالبات درج تھے۔

جواب دیں

Subscribe To Our Mailing List

Get the news right tn your inbox

Subscription Form Footer Style-2

کمپنی کے بارے میں

مقبول زمرے

فوری رابطے

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں