Search
Close this search box.
پاکستان کراچی تازہ ترین نمایاں خصوصیت

کراچی کے 500 سے زائد وکلاء مجوزہ آئینی ترمیم کے مخالف، ترمیم کو پاکستان کیلئے خطرہ قرار دے دیا

کراچی کے 500 سے زائد وکلا نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر مجوزہ آئینی ترمیم کو آئین پاکستان کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے 543 وکلا نے خط میں کہا ہے کہ اس وقت ملک بیرونی اور اندرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ ملک میں وفاقی آئینی عدالت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگر آئینی ترمیم ہوئی تو اس سے عدالتی آزادی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ آئین کا حلیہ بگڑ جائیگا۔ بنیادی حقوق متاثر ہونے کے ساتھ عام لوگوں کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلانے کا راستہ بھی کھل جائیگا۔

خط میں مؤقف اپنایا گیا کہ آئینی ترمیم سے موجودہ عدلیہ بے اختیار ہوجائیگی۔ آئین میں واضح ہے کہ منتخب نمائندوں کے ذریعے ریاست کو چلایا گیا۔ موجودہ پارلیمنٹ کو ایسا اختیار نہیں ہے۔ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن لوگوں کو ووٹ کا حق بھی نہیں دے سکا۔ الیکشن کمیشن نہ لوگوں کے بنیادی حق کا تحفظ کرسکا نہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرسکا۔ الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور موجودہ پارلیمنٹ کو ترمیم سے روکا جائے۔ وکلا برادری فطری انصاف پر حملہ برداشت نہیں کرے گی۔

خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے کہا گیا ہے کہ اس وقت پورے پاکستان کی نظریں آپ پر ہیں۔ کیونکہ یہ کسی سیاسی جماعت شخصیت یا انا کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ پاکستان کے تحفظ اور سالمیت کا مسئلہ ہے۔ اس کھلے خط کے ذریعے سپریم کورٹ کے تمام ججز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بنیادی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنائیں

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں