Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

لائیو:پاکستان بھارت کشیدگی،بھارت کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا،وزیراعظم

وزیراعظم

ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستانی شہروں پر میزائل حملہ کیا ہے۔

پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی میزائل مظفرآباد، کوٹلی، اور احمد پور شرقیہ، بہاولپور میں واقع مسجد سبحان اللہ کی جانب داغے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس حملے کو "بزدلانہ اور بلااشتعال جارحیت” قرار دیا اور کہا کہ پاک فضائیہ مکمل الرٹ پر تھی جس کے باعث کوئی بھارتی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہ ہو سکا۔

انہوں نے خبردار کیا: "بھارت نے فضاء سے حملہ کیا ہے، اب وہ ہمارے جواب کا انتظار کرے، جو ہماری مرضی کے وقت اور جگہ پر دیا جائے گا۔”

ابتدائی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں ایک بچہ شہید جبکہ ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

یہ تازہ کشیدگی 22 اپریل کو پہلگام واقعے اور دونوں ممالک کی فوجی سرگرمیوں کے بعد شدت اختیار کر گئی ہے۔

Share this news
  • بھارتی حملوں میں 31 معصوم شہری شہید، 57 زخمی ہو ئے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

    اسلام آباد میں پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا ہے کہ بھارتی حملوں میں اس وقت تک 31 معصوم شہری شہید اور 57 زخمی ہو چکے ہیں۔

    اسلام آباد میں پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہمارا دشمن اتنا بزدل ہے کہ رات کو چھپ کر معصوم شہریوں اور آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے، دشمن اتنا بزدل ہے کہ مدِمقابل فوج سے لڑنے کے بجائے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپ بھارت سے ایسی توقع کر سکتے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جب ہم نے دہشت گردوں کے لیے زمین تنگ کرنا شروع کی تو بھارت اپنی فوج کے ذریعے دہشت گردی پر اتر آیا۔

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے؟ یہ بات ثابت ہو چکی کہ دہشت گردی میں بھارت کس طرح ملوث ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جب یہ حملہ ہوا تو پاکستان کی افواج نے اپنے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کو چنا، ہم نے بزدل دشمن کی طرح شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی طیارے تباہ کیے گئے۔

  • بھارت نے جارحیت کر کے فاش غلطی کی،اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شہباز شریف

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ رات انڈیا نے جارحیت کر کے جو غلطی کی اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ’شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔‘

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا ’میرے عزیز ہم وطنوں عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔ انڈیا کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جو طیارے انڈیا کا غرور تھے وہ اب خاک بن چکے ہیں۔

    پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی ایک بار پھر عروج پر: ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان حالات کیسے بہتر ہوئے؟

    انھوں نے کہا کہ ’کل رات ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں طوفان برپا کر دیا۔

    ان کے مطابق ’گذشتہ رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان دفاع میں منھ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ انڈین حملے میں 26 شہری ہلاک اور 46 زخمی ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’گذشتہ رات پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی دشمن پر اپنی برتری ایک مرتبہ پھر ظاہر کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس پر ’میں مسلح افواج کے سربراہان اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    10:10 شام
  • فرانسیسی انٹیلیجنس اہلکار نے بھارتی رافیل طیارہ گرنے کی تصدیق کردی

    فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ فرانسیسی ساختہ جدید جنگی طیارےکو کسی لڑائی میں نقصان پہنچا ہو۔

    10:00 شام
  • آرمی چیف کی ایئر ہیڈ کوارٹر آمد، بھارتی طیارے گرانے پر فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا

    ائیر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیف آف ائیر اسٹاف  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا گرم جوشی سے استقبال کیا

    آرمی چیف نے  چیف آف ائیر اسٹاف اور ائیر فورس کے شاہینوں کو بھارتی  ائیر فورس کی طرف سے کی جانے والی جارحیت کے مذموم منصوبے کو فوراً ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا

    آرمی چیف نے پاکستان ائیر فورس کو ایک بار پھر دشمن کے متعدد جہاز مار گرانے اور اپنا لوہا منوانے پر بے حد سراہا

    آرمی چیف نے تینوں سروسز کے مابین بہترین تعاون کو بھی سراہا

    ملاقات کے دوران  اس عزم کو دہرایا گیا کے کسی کو بھی پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی اور جو بھی اس کی کوشش کرے گا اس کی قیمت ادا کرے گا

    9:43 شام
  • بھارتی حملے میں شہید ہونے والےارتضیٰ عباس توری کی نمازجنازہ ادا

    بھارت کی بلااشتعال سرحدی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 7 سالہ ارتضیٰ عباس توری کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کر دی گئی ہے، شہید ارتضیٰ عباس توری لیفٹیننٹ کرنل ظہیرعباس توری کے صاحبزادے تھے

    نمازِ جنازہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری)، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت بڑی تعداد میں اعلیٰ فوجی و سول افسران، موجودہ و سابقہ عسکری حکام اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

    نمازِ جنازہ کے بعد وزیرِاعظم نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی کا قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ان غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے اس کی جارحانہ اور متکبرانہ ذہنیت عیاں ہو چکی ہے، جو علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بہادر افواج ہر محاذ پر بھارتی جارحیت کا جرات مندی سے مقابلہ کر رہی ہیں اور دشمن کو بھرپور، دو ٹوک اور موثر جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی ان کھلی خلاف ورزیوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔

    آخر میں صدر اور وزیرِاعظم نے دعا کی: "اللہ تعالیٰ اس بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آمین۔”

    8:12 شام
  • اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے،خواجہ آصف

    وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمے داری بھارت پر عائد ہو گی۔

    7:31 شام
  • بھارت کو اب حوصلہ کرنا پڑے گا، اب پاکستان جواب آنا ہے، بلاول بھٹو

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جواب دینے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان بھارتی حملے کا جواب اپنے منتخب کردہ وقت، جگہ اور انداز میں دے گا۔

    7:02 شام
  • پاکستان کے تمام ائیرپورٹس مکمل طور پر فعال اور محفوظ ہیں،ائیرپورٹس اتھارٹی

    ائیر پورٹس اتھارٹی کی جانب سےکہا گیا ہے کہ قومی فضائی حدود شہری ہوابازی کے لیے دستیاب اور محفوظ ہے،پاکستان نے بھارت کےغیرزمدارانہ اقدامات کے باعث شہری ہوا بازی کو لاحق ہونے والے سنگین خطرات سے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کو آگاہ کردیا،قومی فضائی حدود کی محفوظ اور موثر انتظام سے مقامی اور بین الاقوامی کمرشل فلائٹس کی پر امن اور مسلسل روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    6:34 شام
  • جھوٹی معلومات پھیلانے پرمتعدد بھارتی یوٹیوب چینلز، ویڈیو لنکس اور ویب سائٹس بلاک

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھارت کے 16 یوٹیوب نیوز چینلز، 31 یوٹیوب ویڈیو لنکس اور 32 ویب سائٹس کو جھوٹی معلومات اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھیلانے پر بلاک کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی اور پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

    بلاک کیے گئے مواد میں گمراہ کن اور نقصان دہ بیانیے شامل تھے جن کا مقصد عوامی رائے کو متاثر کرنا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا تھا۔

    یہ اقدام پی ٹی اے کی جانب سے غلط معلومات پھیلانے کے حوالے سے اقدام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی اے پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کے لیے ایک محفوظ و قابل اعتماد انٹرنیٹ ماحول کی فراہمی کے ضمن میں پرعزم ہے۔

    اتھارٹی آن لائن مواد کی نگرانی جاری رکھے گی اور قومی مفادات کے خلاف مواد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    6:17 شام
  • پاک فوج نےتاریک رات میں کئے گئے حملے کا جواب دے کر اسے چاندنی رات بنا دیا، شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف کا  کہنا ہے کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا جس پر بھارت کو بھرپورجواب دیا گیا۔

    5:50 شام
  • انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا، ہماری فضائیہ نے بھرپور رسپانس کیا،اسحاق ڈار

    نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا اسے جواب دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا اسے جواب دیا گیا، ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی اور ہماری فضائیہ نے بھرپور رسپانس کیا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے جن 5 طیاروں نے پاکستان میں کارروائی کی انہیں مار گرایا ہے باقی طیارے بھی کارروائی کا حصہ بنتے تو انہیں بھی مار گراتے یہ تعداد 15 تک ہوجاتی۔

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ قوم مسلح افواج کو مستعد رہنے اور جواب دینے پر مبارکباد دیتی ہے، ہم نے یو این سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے، رات واقعے کے فوری بعد غیر ملکی سفیروں سے بات ہوئی۔

     

    5:45 شام
  • رات کی تاریکی میں کئے گئے حملے کا پاک فوج نے بھرپورجواب دیا، وزیراعظم

    قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی،بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا  کہنا ہے کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا جس پر بھارت کو بھرپورجواب دیا گیا۔

    قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے مکروہ حملے کا جواب دے کرتاریک رات اس کو چاند رات بنا دیا، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے بھارت کے ساتھ تانے بانے ملتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے اس دوست ملک کے سفیر کو بلا کر ڈیمارش کیا جس نے ہماری پیش کش کی حمایت کی، بھارت کو جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی توفیق نہیں ہوئی، بھارت میں جعفر ایکسپریس واقعے پر مذاق اڑایا  گیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 24 کروڑ عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری فوج 24 گھنٹے تیار تھی، بھارت نے جو طیارے خریدے تھے ان پر اس کو بہت ناز تھا، چند دن پہلے بھارت کے رافیل طیارے اڑے ہماری ایئر فورس نے ان کی کمیونی کیشن لاک کر دی۔

    5:02 شام
  • قوم متحد ہے اور بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت نے شہریوں پر حملہ آور ہو کر بزدلانہ عمل کیا، پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہے اور بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، پاکستان امن کا داعی ہے، لیکن دفاع سے غافل نہیں۔

    4:32 شام
  • حافظ نعیم الرحمان نے کارکنان کو قومی رضا کار بننے کے تیاری کی ہدایت جاری کردیں

    امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بزدل دشمن بھارت نے ماضی کی طرح ایک بار پھر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا ہے۔مساجد اور سویلین آبادی کو بھارت نے نشانہ بنایا، بھارت کو سبق سکھانا ناگزیر ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے الخدمت کی قیادت کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ایکٹیو رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ایک پیج پر آئے اور ملکر دشمنوں سے لڑیں

    4:20 شام
  • شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا، محسن نقوی

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت کے بلا اشتعال وحشیانہ حملے میں 26 معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم اس دل دہلا دینے والے سانحے پر سوگوار ہیں۔ شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا حوصلہ ناقابلِ شکست ہے، ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمارا جواب فیصلہ کُن ہوگا۔

    4:01 شام
  • بھارتی حملہ:سندھ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ

    بھارتی فضائی حملوں کے پیش نظر سندھ بھر کے تمام اسپتالوں میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر کے تمام اسپتالوں میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے تمام طبی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ  کردی گئی ہیں۔

    محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ  سندھ کے تمام اسپتالوں میں عملے کو 24 گھنٹے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور ایمرجنسی رسپانس یونٹس کو الرٹ رہنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ ایمبولینس، آکسیجن، IV فلوئیڈز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے  جب کہ غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی رابطے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ  تمام ایمرجنسی کیسز کو مکمل توجہ اور احتیاط سے ڈیل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    3:49 شام
  • قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس،افواج پاکستان کو جوابی کارروائی مکمل اختیار دیا گیا

    وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں بھارت کی بلااشتعال اور بزدلانہ جارحیت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

    این ایس سی نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی افواج کی جانب سے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد سمیت پاکستان کے خودمختار علاقوں پر کیے گئے مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔ ان حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی، عبادت گاہوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارت نے خیالی دہشتگرد کیمپوں کا بہانہ بنا کر یہ کارروائیاں کیں، جن میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔

    اجلاس میں اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کی یہ کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ بھی بن چکی ہیں۔ بھارتی جارحیت کے باعث خلیجی ممالک کی کمرشل پروازیں بھی شدید خطرے سے دوچار ہوئیں، جبکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنانا عالمی معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    پاکستان نے واضح کیا کہ اس نے 22 اپریل کے واقعے کے بعد غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے اس کو رد کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ چنا۔ بین الاقوامی میڈیا نے 6 مئی کو ان مقامات کا دورہ بھی کیا تھا، جس کے بعد بھارت کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا تھا۔ اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے بھارت نےعام شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کی کوئی اخلاقی یا قانونی جواز نہیں۔

    افواج پاکستان کو کارروائی کا  مکمل اختیار

    این ایس سی نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے اور ڈرون مار گرائے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھا ہے، اور افواج پاکستان کو مکمل اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت، جگہ اور انداز سے دشمن کے خلاف کارروائی کر سکیں۔

    اجلاس میں پوری قوم کی جانب سے افواجِ پاکستان کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پوری قوم یکجا ہو کر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

    آخر میں قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی غیرقانونی جارحیت کا نوٹس لے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرائے۔

    پاکستان نے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ امن کا خواہاں ہے، مگر عزت، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    1:08 شام
  • بھارت کے پاکستانی شہریوں پر فضائی حملے، جاپان کا اظہارِ تشویش

    جاپان نے بھارت کی جانب سے رات گئے پاکستانی شہریوں پر کیے گئے فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    جاپان نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔

    جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی انتقامی کارروائیوں کو بھڑکا سکتی ہے اور صورتِ حال کے مکمل فوجی تصادم میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔

    انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال کو مستحکم کریں۔

    11:40 صبح
  • پاک فضائیہ کی کارروائی میں 3 جدید رافیل طیارے تباہ، فرانسیسی کمپنی کے شیئرز گرگئے

    پاکستان کی طرف سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کے خلاف بھرپور دفاعی کارروائی کی گئی جس میں بھارتی فضائیہ کے تین رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر 5 جنگی طیارے تباہ کر دیے گئے۔رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد رافیل بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کی قدر میں 1.64 فیصد کمی آئی ہے، اس سے قبل گزشتہ 5 روز کے دوران کمپنی کے شیئرز کی قدر میں 3.4 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

    12:06 شام
  • رات کی تاریکی میں بھارت کا حملہ، ہانیہ عامر کی مذمت

    پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارت کے پاکستان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ”بزدلی”۔

    12:08 شام
  • فضائیہ کو 6 بھارتی طیارے گرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،طحہ احمد خان

    ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد خان نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ نہتے شہریوں پر حملے بھارتی بزدلی کا ثبوت ہیں، پاک فضائیہ کو 6 بھارتی طیارے گرانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔نریندر مودی کے اقدامات نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، عوام مطمئن رہیں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا مودی سرکار کی بزدلی ہے

    12:21 شام
  • انڈیا اور پاکستان امن و استحکام کو ترجیح دیں،چین کا پاک بھارت کشیدگی پر ردعمل

    چین نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن اور استحکام کو ترجیح دیں۔چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح سویرے انڈیا کی فوجی کارروائی پر افسوس اور موجودہ پیشرفت پر تشویش ہے۔بیان کے مطابق ’ انڈیا اور پاکستان دونوں سے امن اور استحکام کو اوّلین ترجیح دینے، پُرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    12:27 شام
  • معصوم جانوں کا نقصان کسی صورت قابل قبول نہیں، فواد خان

    معروف اداکار فواد خان نے حالیہ حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ اپنے انسٹاگرام پیغام میں انہوں نے کہا میری گہری ہمدردی ان خاندانوں کے ساتھ ہے جن کے پیارے اس حملے میں زخمی یا شہید ہوئے۔ میں مرحومین کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں۔

    فواد خان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے صرف معصوم جانوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ایسے الفاظ سے جذبات کو بھڑکانا کسی بھی صورت معصوم زندگیوں کے نقصان کے قابل نہیں۔”

    انہوں نے آخر میں دعا کی کہ عقل و شعور کی جیت ہو، اور اپنے پیغام کا اختتام "پاکستان زندہ باد” کے نعرے سے کیا۔

    12:39 شام
  • انڈین ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، ’انڈیا کی جارحیت پر احتجاج‘

    پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’انڈیا کی جانب سے مختلف مقامات پر بلااشتعال حملوں پر پاکستان نے انڈیا کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    ’اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کے قائم کردہ اُصولوں کے منافی ہیں۔‘

    بیان کے مطابق ’پاکستان انڈیا کی دشمنی پر مبنی کارروائیوں کے بے بنیاد جواز کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔‘

    دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ’انڈیا کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس طرح کے غیرذمہ دارانہ رویے سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔‘

    12:43 شام
  • پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو خاموش نہیں رہے گا، شرجیل میمن

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھارتی افواج کی بلااشتعال جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، ہم نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی، مگر یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے غیرجانبدار اور منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے جنگی جنون میں مبتلا ہو کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    شرجیل میمن کے مطابق، بھارتی افواج نے خطے کے امن کو داؤ پر لگایا، تاہم پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان دشمن سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج چوکس، عوام متحد، اور عزم ناقابل شکست ہے، دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت خود نریندر مودی کے لیے ایک شرمناک شکست میں بدل چکی ہے، جبکہ بھارت دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کر رہا ہے۔

    شرجیل انعام میمن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فاشزم کا نوٹس لے، کیونکہ مودی سرکار نہ صرف پاکستان بلکہ اپنے ملک کے اندر بھی اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو خاموش نہیں رہے گا۔

    12:53 شام
  • لاہور کی فضائی حدود کے مختلف روٹس کو ایک بار پھر کمرشل پروازوں کیلئے بندکردیا گیا

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا نیا نوٹم جاری کردیا۔ لاہور کی فضائی حدود میں مختلف فضائی روٹس کو کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ بند کردیا گیا۔ لاہور کی فضائی حدود کے روٹ J139, J 165, اور J 186 روٹ فلائٹ آپریشن  کے لیے بند کیا گیا۔  لاہور فضائی حدود کے یہ روٹس آپریشنل وجوہات کے بعد 24 گھنٹے کے لیے بند کیے گئے ہیں۔

    1:06 شام
  • پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا

    پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے شکر گڑھ سیکٹر میں ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا۔ پاکستان رینجرز نے صبح کے وقت دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کا ڈرون تباہ کر دیا۔فوجی حکام کے مطابق بھارتی ڈرون کے ذریعے جاسوسی اور دراندازی کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔

    1:16 شام
  • رافیل طیاروں کی تباہی؛جے ایف 17، جے 10 سی بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں اضافہ

    پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے بعد جے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی بنانے والی چینی کمپنی کے حصص میں اچانک اضافہ ہوگیا۔

    گزشتہ رات بھارتی حملے کے جواب پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے اور ڈروزن مار گرائے، جن میں 3 رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک سنحوئی طیارہ شامل تھا۔

    پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور جواب دینے پر جے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی بنانے والی چینی کمپنی چینگدو ایئر کرافٹ کارپوریشن کے شیئرز میں 18.18 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    1:21 شام
  • بھارتی جارحیت کے خلاف پیپلز پارٹی آج بھرپور احتجاج کرے گی، سعید غنی

    وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے بھارتی جارحیت کے خلاف بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن آج بروز بدھ 7 مئی کو شام 5 بجے کراچی پریس کلب پر بھارتی جارحیت، انتہاپسندی اور بے گناہ شہریوں پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔

    1:44 شام
  • وزارت صحت کی طرف سے ہنگامی صورت حال کا اعلان

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک کی موجودہ جنگ اور اس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئےاسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئ ۔ اور تمام طبی عملے کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے

    وفاقی وزارت صحت اور اس کے ماتحت اداروں کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام ملازمین کو اپنے عہدوں پر فوری حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے

    موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر صحت جناب مصطفیٰ کمال نے جنیوا اور قطر کے طے شدہ سرکاری دورے فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔  انھوں نے کہا کہ اس وقت میری اولین ترجیح ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنا اور عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    وفاقی ادارہ صحت میں ایک 24/7 ایمرجنسی کویک ریسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے، جو جنگ اور اس سے متعلقہ طبی ہنگامی حالات کا فوری جائزہ لے گا اور ردعمل کو مربوط کرے گا۔ یہ سینٹر تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہے گا۔

    تمام صوبائی حکومتوں کے صحت کے سیکرٹریز  کو مرکزی وزارت صحت کے ساتھ مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی حکام کو وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی روشنی میں اپنے ایمرجنسی پلانز کو اپ ڈیٹ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

    1:48 شام
  • بھارتی حملوں میں جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ مختلف مقامات پر ادا کر دی گئی

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہونے والے میزائل حملوں میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

    بھارتی میزائل حملے میں شہید ہونے والے 13 شہداء کی نماز جنازہ آج 11.00 بجے دن ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ادا کی گئی۔

    پاجگراں مسجد بلال میں شہید ہونے والے 80 سالہ محمد یعقوب کی نمازہ جنازہ مظفر آباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔

    مظفرآباد میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، سینئر جسٹس لیاقت شاہین اور ہائی کورٹ کے ججز نے شرکت کی۔

    اس کے علاوہ آزاد کشمیر حکومت کے وزراء، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد اور وزیر اطلاعات سید مظہر سعید بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

    وزیر اطلاعات سید مظہر سعید نے کہا کہ بھارت کی اس دہشت گردی کی وجہ سے پوری قوم متحدہ ہوئی ہے، دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ہے۔

    1:59 شام
  • وزیرداخلہ سندھ کی کراچی میں سائرن اوروارننگ سسٹم فعال کرنے کی ہدایت

    وزیردخلہ سندھ ضیالنجار الحسن نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کراچی میں ہنگامی صورتحال کے اعلان کیلئے سائرن اور وارننگ سسٹم فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    وزیردخلہ سندھ ضیالنجار الحسن نے ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے تمام و سائل کو متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے اعلان کیلئے سائرن اوروارننگ سسٹم فعال کیا جائے۔

    وزیردخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ شہری دفاع کیلئے شیلٹرزکےتعین اورانہیں فعال کیا جائے۔

  • کراچی میں تمام پولیس افسران واہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی عائد

    آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی ، حکم نامہ جاری کردیا گیا، حکم نامے کے تحت کسی بھی افسر یا اہلکار کو موجودہ صورتحال میں چھٹی نہیں دی جائے گی، سوائے زچگی کی چھٹی یا طبی بنیادوں پر چھٹی ملے گی،تمام افسران اور اہلکار اپنی متعلقہ تعیناتی کے اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے۔صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کےلیے کام کریں گے۔ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

    2:34 شام
  • بھارت کے بزدلانہ حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کا 7 سالہ بیٹا شہید

    بھارتی فوج کے کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔بھارت کے حملوں کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی جاں بحق اور 46 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی جارحیت میں پاک فوج کےلیفٹیننٹ کرنل ظہیرکا 7سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس جاں بحق ہوگیا جس کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔

    3:08 شام
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts