کراچی میں کلفٹن تین تلوار پر پولیس افسر کے ٹریفک پولیس اہلکار سے جھگڑے کا حکام کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا۔ ٹریفک پولیس جھگڑنے والے پولیس افسر کو معطل کردیا گیا۔
جمعرات کو تین تلوار پر ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر ضلعی پولیس افسر کے بیٹے چالان کیا گیا تھا جس پر ضلعی پولیس افسر نے ٹریفک پولیس اہلکار سے جھگڑا کیا۔ اس واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ عبدالرحیم شیرازی نے بوٹ بیسن تھانے میں انویسٹی گیشن میں تعینات اے ایس آئی گلزار کو معطل کر دیا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق بوٹ بیسن تھانے میں تعینات پولیس افسر کے بیٹے کی گاڑی کو ٹریفک پولیس نے روکا تھا۔ گاڑی پر فینسی نمبر پليٹ آویزاں تھی ،شیشے بھی کالے تھے۔ گاڑی روکنے پر ڈسٹرکٹ پولیس کا افسر موقع پر پہنچ گیا،ٹریفک افسر سے بدتمیزی کی۔
مشتعل افسر کی ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی سے جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ٹریفک پولیس کا اے ایس آئی ڈسٹرکٹ پولیس کے افسر سے خوفزدہ ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گاڑی کا چالان کرنے پر پولیس افسر اے ایس آئی گلزار موقع پر پہنچ گیا تھا، ویڈیو میں بھی دیکھا گیا تھا کہ ضلعی پولیس کے اے ایس آئی نے ٹریفک اے ایس آئی سے چالان کرنے پر بدتمیزی کی تھی