کراچی میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ شہر کی فضا بھی انسانوں کے لئے مضرصحت ہونے لگی۔ شہرقائد اس وقت پاکستان کا سب سے زیادہ آلودہ ترین شہر بن گیا ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھی ٹاپ 5 میں شامل ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں اس وقت پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ شہر میں آلودہ زرات کی مقدار 151 پرٹیکیولیٹ میٹرز ہے جبکہ ایک وقت پر یہ مقدار 155 پرٹیکیولیٹ میٹر تک بھی پہنچ گئی تھی۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق پاکستان کا دوسرا بڑا شہر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 12ویں نمبر پر ہے اسکا انڈیکس 105 پرٹیکیولیٹ میٹر ہے۔
اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ ترین شہر عراق کا دارلحکومت بغداد ہے جہاں فضا میں آلودہ زرات کی مقدار 349 پرٹیکیولیٹ میٹر تک پہنچ گئی ہے جو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ بھارتی دارلحکومت دہلی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے اور چین کا دارلحکومت بیجنگ تیسرے نمبر ہے۔ کویت کا شہر کویت سٹی چوتھا آلودہ ترین شہر ہے۔
ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق 151 سے 200 انڈیکس مضرصحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جب کہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔