کراچی میں اے وی ایل سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان جبل ولد دیدار شیخ، فیضان ولد الطاف اور اسحاق عرف شاکا ولد اسماعیل کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چوری شدہ 4 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
اے وی ایل سی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد موٹر سائیکلیں سرسید، تھانہ نیوکراچی انڈسٹریل ایریا، خواجہ اجمیر نگری اور منگھوپیر کے علاقوں سے چوری کی گئی تھیں۔ ملزمان اسحاق عرف شاکا ولد اسماعیل اور جبل ولد دیدار شیخ اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جن کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے۔
گرفتار شدہ ملزم اسحاق عرف شاکا کو فوٹیج میں چوری شدہ موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں