اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا، چیئرمین کے بعد سیکریٹری کو بھی امتحانات کے نتائج کی تیاری کے دوران عہدے سے ہٹا کر ڈپوٹیشن پر 19 گریڈ کے ایسو سی ایٹ پروفیسر کو تعینات کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ کراچی میں ایک بار پھر ڈپوٹیشن پر تقرریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا، گریڈ 19 کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کا ڈپوٹیشن پر انٹربورڈ کراچی تبادلہ کردیا گیا۔ محکمہ بورڈز و جامعات کی ہدایت پر محکمہ کالج ایجوکیشن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی میں بطور سیکریٹری تعینات کردیا ہے ۔
وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن کے گریڈ 19 کے ایسو سی ایٹ پروفیسر امیر حسین قادری کو ڈپوٹیشن کی بنیاد پر سیکریٹری تعینات کردیا ہے۔
امیر حسین قادری باقاعدہ عہدے دار کی تقرری تک ایک سال کی مدت کے لیے بطور سیکریٹری خدمات انجام دیں گے جبکہ انٹربورڈ کے سابق سیکریٹری محمد کاشف صدیقی کو اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔
انٹر بورڈ میں یہ تعیناتی ایسے حساس وقت پر کی گئی ہے جب انٹرمیڈیٹ کراچی کے نتائج کا اعلان کیا جانا ہے جو تاخیر کا شکار ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے سندھ کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات ، سیکرٹری بورڈ تعینات نہیں کیا گیا۔اس دوران ایڈہاک ازم کی بنیاد پر اہم عہدوں پر تعیناتیاں کی جارہی ہیں