کراچی میں دودھ کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کمشنر کراچی سید حسن علی نقوی کو لکھے گئے خط کے متن کے مطابق حالیہ بجٹ کے بعد اجناس کی قیمتوں اور مویشیوں سمیت دیگر اخراجات میں 13 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ ہیٹ اسٹروک کے باعث 15 ہزار مویشیوں کی بھی اموات ہوچکی ہیں۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گائے بھینسوں کی اموات کی وجہ سے دودھ کی پیداوار میں 20 سے 25 فیصد تک کمی ہوئی ہے جسکی وجہ سے فارمرز دیوالیہ پر پہنچ گئے ہیں۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کمشنر کراچی سے کہا گیا ہے کہ ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا کہ ہنگامی صورت میں آپ ساتھ ملکر قیمتوں کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
موجودہ حالات میں بھی ہم سرکاری قیمت کے مطابق دودھ 220 روپے فی لیٹر فروخت کررہے ہیں لیکن اس قیمت پر دودھ فروخت کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ اجلاس بلاکر دودھ کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر اضافہ کرکے دودھ کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے آج بروز بدھ 10 جولائی کو شام میں کراچی پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس بھی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ڈیری فارمرز کی جانب سے موجودہ حالات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ ماہ ہی کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی سرکاری قیمت 220 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دودھ فروشوں اور انتظامیہ کے درمیان معاہدے میں دسمبر تک دودھ کی قیمتیں نہ بڑھانے کی شق بھی شامل تھی۔