بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری سائبر حلموں کا مؤثر جواب سامنے آ گیا ہے۔ پاکستانی ہیکرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے "آپریشن سالار” کے نام سے ایک منظم سائبر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر بھارت کی چار اہم ویب سائٹس کو ہیک کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہیکرز نے ان ویب سائٹس کو ہیک کر کے ان پر پاکستانی قومی پرچم اور پیغامات چسپاں کر دیے۔ ان ویب سائٹس سے اہم ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے، جو بھارت کے سائبر نظام کی کمزوریوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ ہیکرز کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی بھارت کی پاکستان مخالف سائبر سرگرمیوں، کشمیریوں پر مظالم اور جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف ایک منظم ردعمل ہے۔
مزید پڑھیں؛ پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 طیارے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ
ہیکرز کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ہم ایک پرامن قوم ہیں، لیکن اگر ہماری خودمختاری، سالمیت یا قومی وقار کو چیلنج کیا گیا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ یہ کارروائی صرف آغاز ہے، آپریشن سالار ایک وارننگ ہے، اختتام نہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر سائبر حملے، ڈیجیٹل جاسوسی، اور حساس معلومات تک رسائی کی کوششیں کئی بار رپورٹ ہو چکی ہیں۔ اس بار پاکستانی سائبر رضا کاروں نے سائبر حملے کا بھرپور اور براہ راست جواب دیا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ "آپریشن سالار” ایک نئی سائبر جنگ کی نوید ہو سکتا ہے۔