پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے خوف سے بھارت نے آئی پی ایل ہی معطل کر دی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو اور انڈین میڈیا کے مطابق انڈیا اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے پیش نظر انڈین کرکٹ بورڈ نے جمعے کی دوپہر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس بارے میں باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ جلد آ ئی پی ایل کی معطلی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) اور دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کے درمیان میچ کو پہلی اننگز کے دوران ہی ختم کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا۔
دھرم شالہ اور آس پاس کے علاقوں کے ہوائی اڈے بند ہونے کے باعث کھلاڑیوں اور معاون عملے کو جمعے کی صبح ایک خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی منتقل کیا گیا۔ آئی پی ایل 2025 میں اس وقت تک 58 میچ ہو چکے ہیں، جن میں دھرم شالہ کا منسوخ شدہ میچ بھی شامل ہے۔ گروپ مرحلے کے 12 میچز باقی ہیں، جو لکھنؤ (2)، حیدرآباد، احمد آباد (3)، دہلی، چنئی، بنگلورو (2)، ممبئی اور جے پور میں شیڈول ہیں۔ اس کے بعد پلے آف میچز حیدرآباد اور کولکتہ میں کھیلے جانے تھے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں پی ایس ایل 10 کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات، شائقین کیلیے ہدایات جاری
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی تمام میچز اب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ جمعرات کو بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کوالیفائر، ایلیمی نیٹر ون اور ایلیمی نیٹر ٹو اور فائنل کو نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔
بی سی بی کا کہنا ہے کہ میچز کی تاریخوں اور مقامات پر مشتمل مکمل شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ قبل ازیں گذشتہ روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر راولپنڈی میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔