پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا باقائدہ آغاز ہو گیا۔ قومی اور نجی ائر لائنز کی خصوصی پروازوں نے سعودی عرب کے لئے اڑان بھرنا شروع کر دیا ہے۔سرکاری حج اسکیم کے تحت 89 ہزار عازمین کو 342 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پی آئی اے، سیرین ایئر،ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ائر لائن حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
قومی فضائی کمپنی پی آئی اے پاکستان کے 6 بڑے شہروں اسلام آباد ، کراچی ، لاھور ، پشاور ، ملتان ، اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کررہی ہے ۔ رواں برس پی آئی اے 117 سے ذائد خصوصی پروازوں کے زریعے 35ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی ۔ پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ روانہ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے روڈ ٹو مکہ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی ٹیمیں اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر موجود ہوں گی اور عازمین حج کی سعودی امیگریشن کارروائی پاکستان میں ہی مکمل کریں گی۔کراچی ائر پورٹ پر آٹھ جبکہ اسلام آباد ائر پورٹ پر روڈ ٹو مکہ کے سات خصوصی کاونٹرز بنا ئے گئے ہیں ۔
عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 33 روز جاری رہے گا۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔ جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے ہو گا جو 10 جولائی تک جاری رہے گا۔