شہر قائد میں رواں سال مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات نے سینکڑوں گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔
رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد300 سے ہو چکی ہے۔
فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ٹریفک حادثات میں 301 افراد جاں بحق جبکہ 4 ہزار 226 افراد زخمی ہوئے ہیں
چھیپا ویلفیئر کے اعداد شمار بتاتے ہیں کہ ان حادثات میں جاں بحق ہونے والے مردوں کی تعداد 234 تھی جبکہ 27 خواتین، 32 بچے اور 8 بچیاں بھی ان حادثات میں اپنی زندگی کی بازی ہار گئے
ان حادثات میں زخمی ہونے والے افراد میں 3 ہزار 401 مرد، 605 خواتین، 173 بچے اور 47 بچیاں شامل ہیں
ہیوی گاڑیوں سے اموات
چھیپا ویلفیئرکے مطابق ان حادثات میں 96 افراد بڑی گاڑیوں کی ٹکر کا نشانہ بنے ہیں۔
جس میں 18 افراد ڈمپر، 39 ٹریلر، 23 واٹر ٹینکر، 6 مزدا اور 10 بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے
شہریوں کا مطالبہ
شہر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹریفک، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، اور بھاری گاڑیوں کی بےقابو رفتار ان حادثات کی بڑی وجوہات کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔
شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ٹریفک کنٹرول کے سخت اقدامات، بھاری گاڑیوں کی نگرانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔