کسٹم انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے موچکو چیک پوسٹ پر موبائل فون اسمگل کرنے کی کوشیش ناکام بنا دی ہے۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سید محمد رضا نقوی کے مطابق موچکو چیک پوسٹ پر کوئٹہ بلوچستان سے آنے والی بس روکی گئی جس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا، چیک پوسٹ پر بس کی تلاشی کے دوران فرش/چھت اور سائڈ وال خصوصی خفیہ خانوں سے 351 اسمارٹ فونز برآمد ہوئے۔
مزید پڑھیں:کراچی ائیرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام، 4 افراد گرفتار
سید محمد رضا نقوی کے مطابق بس میں سے ایک کروڑ 72 لاکھ 20 ہزار روپے کے اسمگل موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں، ضبط شدہ موبائل فونز اور بس کی کل مالیت 2 کروڑ 72 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔
محمد رضا نقوی نے مزید بتایا کہ بس ڈرائیور اور کلینر کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا ہے اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔