تھائی لینڈ اور میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سرکاری اعداو شمار بتاتے ہیں کہ میانمار میں زلزے سے 1002 افراد ہلاک اور 2400 افراد زخمی ہوئے۔
خبر ایجنسی کا بتانا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ امریکی ایجنسی نے زلزلے میں 10 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں آنے والا زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے 900 کلو میٹر دور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے جہاں متعدد تعمیراتی اسٹرکچر اور عمارتیں منہدم ہو گئیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تھائی لینڈ اور میانمار میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ان مشکل لمحات میں دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں متاثرہ ممالک کے عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستان یکجہتی کے ساتھ ان کے استحکام، تحفظ اور جلد بحالی کی کےلیے دعا گو ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ اور میانمار میں زلزلے میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں تھائی لینڈ اور میانمار کی عوام اور زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔