چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، کراچی کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے کےفور منصوبہ کو جون 2026 میں مکمل کر لیا جائے گا۔
سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی آبی وسا کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں اور مختلف دیگر امور پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری آبی وسائل کی قائمہ کمیٹی کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور نے کہا کہ کراچی کو 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا، منصوبے پر ستمبر 2022ء میں کام کا آغاز ہوا، جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
چیئرمین واپڈا نے بریفنگ دی کہ کے فور منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے فنانسنگ کی بروقت فراہمی ضروری ہے، منصوبے کے تحت پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی تقسیم کیلئے الگ طریقہ کار بنانا ہے، کراچی میں تقسیم کاری کے طریقہ کار ابھی طے نہیں ہوا، اس کام کو مکمل کرنے کیلئے کم از کم دو سے تین سال لگیں گے، ابھی تک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے پانی کی تقسیم کیلئے ٹینڈر جاری نہیں کیا۔