سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے عید الفطر کے موقع پر مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ حکام کو کرایوں پر سخت کنٹرول کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر کسی بھی شہری سے زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور تمام کمشنرز کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ بس اڈوں اور ٹرمینلز پر چیکنگ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ جو ٹرانسپورٹرز مقررہ کرایے سے زیادہ وصول کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جرمانے عائد کیے جائیں گے اور کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے مطابق زائد کرایہ وصولی کی شکایت درج کرانے کے لیے عوام واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر یا ای میل [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو کرایوں میں ناجائز اضافے سے محفوظ رکھا جا سکے۔