کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل اور بدھ کو پارہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ البتہ 13 یا 14 مارچ سے درجہ حرارت میں قدرے کمی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کاامکان ہے۔
اس کے علاوہ آج پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود اور موسم ہلکا سرد ہے، آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شمالی اضلاع میں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران چاغی، ژوب، قلعہ سیف اللّٰہ، زیارت میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔