مینیجنگ ڈائریکٹر واٹر کارپوریشن نے ماہ صیام کے دوران پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔ ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ ماہ صیام سے قبل پانی کی لائنوں میں رساؤ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
انجینئر اسداللہ خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے دوران پانی کی بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا کسی بھی عبادت سے کم نہیں، ماہ صیام کے انتظامات کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق حکام نے پانی کی لائنوں کے رساؤ کو ختم کرنے کا کام شروع کرنے فیصلہ کرلیا، منوں گوٹھ گلشن اقبال اور پیلی کوہٹی لیاقت آباد میں پانی کی متاثرہ لائنوں کا کام کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایف ٹی ایم کی 48 انچ ڈایا لائن اور سی ٹی ایم 54 انچ ڈایا لائن کا مرمتی کام ہوگا، مرمتی کام 22 فروری ہفتے کے روز سے شروع کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام اگلے 72 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا، مرمتی کام 24 گھنٹے مسلسل جاری رہے گا تاکہ مقررہ وقت میں مکمل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ : رساؤ کا کام مکمل ہونے سے شہر بھر میں پانی کی فراہمی میں مزید بہتر آئے گی، کام کے باعث لیاقت آباد ناظم آباد پاک کالونی گولیمار شیر شاہ اولڈ سٹی ایریا لانڈھی کورنگی اور پی اے ایف بیس مسرور میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شہر کو یومیہ ٹوٹل 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، شہر کو 400 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں۔