کراچی میں ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریزکے حوالے سے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا،، میچ کے دوران ایس ایس یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے5000 سے زائد اہلکارسیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے فزیکل میچ ٹکٹ اور اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔
ایس ایس یو ہیڈ کراورٹر میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصوداحمد کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی پلان کے مطابق ایس ایس یو کے 620 کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، سیکیورٹی ڈویژن کے 1220،ٹریفک پولیس کے 1390،اسپیشل برانچ کے 280 اہلکار بھی تعینات ہونگے، اہلکارنیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر مامورہونگے اسکے علاوہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کئے جائیں گے۔
ڈی آئی جی مقصود میمن کے مطابق جدید تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی، ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے تعینات کی جائے گی۔
اسٹیڈیم سے متصل چائنہ گراؤنڈ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے
ڈی آئی جی سیکیورٹی کے مطابق تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ممنوعہ اشیاء مثلا آتشی اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکہ خیز مواد، آتشبازی، سگریٹ میچ باکس، لائٹر، خواتین کے ہینڈبیگ، تیز دھار اشیاء ،دھاتی/لکڑی کی اشیاء اندر لانا ممنوع ہو گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اور 14 فروری کو میچز نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائینگے ، ڈی آئی جی مقصود میمن نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، میچ والے دن ٹریفک پلان کو فالو کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے