ادارہ شماریات کی جانب سے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ جنوری کے دوران ملک بھر میں ہر قسم کی صحت کی سہولیات مزید مہنگی ہوگئیں ہیں۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ایک ماہ کے دوران میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں مزید 5.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر میڈیکل ٹیسٹ 15.16 فیصد تک مہنگے ہوئے۔ دستاویز میں کہا گیا کہ جنوری میں کلینک مزید 4.28 فیصد تک مہنگے ہوگئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں ڈینٹل سروسز مزید 2.22 فیصد تک مہنگی ہوگئیں، ڈینٹل سروسز سالانہ بنیادوں پر 26.16 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔ دستاویزکے مطابق جنوری کے دوران اسپتال مزید 0.36 فیصد تک مہنگے ہوگئے، گزشتہ ایک سال کے دوران اسپتال 13.09 فیصد تک مہنگے ہوئے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ جنوری کے دوران ادویات کی قیمتوں میں 0.52 فیصد تک مزید اضافہ ہوا، ایک سال کے دوران ادویات 17.48 فیصد تک مہنگی ہوگئیں۔ ایک ماہ میں ہر قسم کی صحت سہولیات 1.27 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔