آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اس موذی بیماری کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کینسر دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مرض بن چکا ہے، اور یہ پیچیدہ بیماری مختلف عناصر کی وجہ سے لاحق ہو سکتی ہے۔ کینسر کی 36 اقسام ہیں، اور اس کا بنیادی سبب عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ تمباکو نوشی، شراب نوشی، موٹاپا اور فضائی آلودگی کو بتایا گیا ہے۔
پاکستان میں سالانہ کتنے نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت کہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر سال کینسر کے ایک لاکھ 85 ہزار نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ہر سال ایک لاکھ بیس ہزار افراد سرطان سے جاں بحق ہوجاتے ہیں۔
کینسر کے بڑھنےکی بڑی وجہ کیا ہے؟
ادارہ برائے علاج کینسر (سینار) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ خوش نصیب کہتے ہیں کہ کینسر بڑھنےکی بڑی وجہ لاعلمی، غیر صحت مند خوراک اور طرزِ زندگی ہے۔ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بر وقت تشخیص اور علاج سے ہر طرح کے کینسر کا علاج ممکن ہے۔ ڈاکٹر حافظ نے کہا کہ کینسر کے سب سے زیادہ کیسز خوراک کی نالی، خون اور چھاتی میں ہو رہے ہیں۔
کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن پر وزیراعظم کا پیغام:
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرطان کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے اور پاکستان نے کینسر کی تحقیق، علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بروقت شناخت، مؤثر علاج اور باقاعدہ ورزش اس بیماری کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے، اور کینسر کے مؤثر علاج کے لیے جلد تشخیص ضروری ہے۔ انہوں نے عوام کو کینسر سے پاک مستقبل کے لیے فعال اقدامات اٹھانے کی دعوت دی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیغام:
ینسر سے بچاؤ کے عالمی دن پر جاری کیے گئے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں کینسر کی بیماری کی سنگینی کا اِدراک کرنا ضروری ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ شعبۂ صحت پر کینسر کا بوجھ کم کرنے کے لیے تجدیدِ عہد اور تیز تر کاوشوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کینسر کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے، پاکستان نےصحت کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنانے اور کینسر کے علاج کے لیے اقدامات کیے ہیں۔