کراچی میں سرد موسم کے دوران ہسپتالوں میں سانس کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق سرد موسم سے بچوں میں نمونیا، سانس کی نالی کے انفیکشن اور دیگر امراض تنفس میں اضافہ ہونے لگا ہے، 5 سال سے کم عمر بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
صدر پاکستان پیڈیاٹرکس ایسوسی ایشن ڈاکٹر وسیم جمالوی نے کہا ہے کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی بچوں میں سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں جون 2024 سے دسمبر 2024 تک سانس کے مختلف امراض کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر وسیم کے مطابق سول ہسپتال میں جون 2024 سے دسمبر 2024 تک 1000 بچوں میں نمونیا کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
صدر پاکستان پیڈیاٹرکس ایسوسی ایشن نے مشورہ دیا کہ بچوں کو گرم کپڑوں میں رکھیں اور ٹھنڈی ہوا سے بچائیں، بند کمروں میں تازہ ہوا کی آمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو بار بار ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں، بیمار بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کیا جائے، وائرل انفیکشن سے بچوں کے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن پر توجہ دی جائے۔