ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی خبریں غلط ہیں، قومی ادارہ صحت

قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول این آئی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر ممتاز خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کی بات درست نہیں ہے۔

ڈاکٹر ممتاز خان نے کہا کہ کورونا، نیمو، انفلوئنزا، موسمی فلو کی علامات ملتی جلتی ہیں اس لیے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں حالات قابو میں ہیں، سردیوں میں امراض تنفس کیسز میں اضافہ معمول کی بات ہے۔ ڈاکٹر ممتاز نے مزید کہا کہ سردیوں میں انفلوئنزا، ایچ ون این ون کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، ملک میں انفلوئنزا، ایچ ون این ون کیسز سامنے آرہے ہیں، قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں سرویلنس بڑھائی ہے۔

وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے، 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں 7 میں کورونا مثبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی فلو اور انفلوئنزا میں مبتلا لوگوں کا احتیاطاً کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا، کورونا پوزیٹیو لوگوں میں فلو کی بہت ہلکی علامات تھیں۔ صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ کورونا میں مبتلا افراد کو ہلکی علامات کے سبب گھر بھیج دیا گیا تھا، دنیا بھر میں اب کورونا کو فلو کی طرح ہی ٹریٹ کیا جاتا ہے۔ کورونا اب موسمی فلو کی طرح ہے اس سے گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts