ازبکستان میں پاکستانیوں کے ملازمت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای اینڈ او ای) نے ازبکستان میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے پراسیس کو عارضی طور پر روکنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ یہ فیصلہ وزارت خارجہ کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کے بعد کیا گیا ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ ازبکستان میں پاکستانی کارکنوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کام کے لیے نامناسب حالات کا سامنا ہے۔

نوٹیفکیشن میں ملک بھر کے تمام پروٹیکٹوریٹ دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر ازبکستان کے لیے مزید کارکنوں کے پروٹیکٹر روک دیں۔ خیال رہے بیرون ملک جاب کے لیے حکومت پاسپورٹ پر پروٹیکٹر لگا کر دیتی ہے جس کے بغیر پاکستانی ورکر باہر جاب کے لیے سفر نہیں کر سکتا۔ یہ ایک مہر یا سٹکر ہوتا ہے جو اب تو بارکوڈ کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی ہنگامی صورت حال میں درخواست موصول ہو تو پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس متعلقہ کیس پاکستانی سفارت خانے کو بھیج سکتے ہیں لیکن اس کے لیے تمام ضروری دستاویزات اور آجر کی مکمل تصدیق حاصل کرنا لازمی ہو گا۔ سفارت خانہ اجازت دے تو ہی متعلقہ درخواست پر پروٹیکٹر لگایا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ مستقبل میں کارکنوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts