جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹرسائنس میں اسمارٹ کلاس رومز کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد محمودعراقی نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا صحیح استعمال انسان کو ترقی کی حقیقی معراج پر پہنچا سکتا ہے‘ یہ بات ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس کوانسانی حقوق کی بہتری یا پامالی کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذامیں آرٹیفیشل انٹیلی جنس چارسالہ ڈگری پروگرام کیلئے اسمارٹ کلاس رومز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نصاب میں عصرکے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق وقتاً فوقتاً نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے اور بے روزگارگریجویٹ پیداکرنے کے بجائے ایسے پروگرام متعارف کرانے یا شروع کرنے کی ضرورت ہے جن کی مارکیٹ میں زیادہ مانگ ہے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو‘پاکستانی پالیسی سازوں کو تنقید کے بجائے معاشی سائیکل کی بہتری پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
پروفیسرڈاکٹرخالد محمود کا کہنا تھا کہ ہمیں خود کو آئینے میں دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم بطورپالیسی ساز‘ فیصلہ ساز حقیقت میں پاکستان کی معاشی ترقی‘بہتری کیلئے کیا کرداراداکر رہے ہیں مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ جامعہ کراچی تواترکے ساتھ دورجدید کی ضروریات کے مطابق نئے ڈگری پروگرامزمتعارف کرارہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔