جماعت اسلامی نے کراچی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف کراچی کے 13 مقامات پر مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مظاہرہ شام 4 بجے شروع ہوگا۔
کراچی کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ برنس روڈ پر کیا جائے گا جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خطاب کریں گے۔ دیگر قائدین اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں گے۔ کراچی کی انتہائی اہم شاہراہ، شاہراہِ فیصل پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کالا پل، کورنگی کراسنگ، مین نیشنل ہائی وے، ناظم آباد نمبر7 اور مین سپر ہائی وے پر بھی احتجاج ہوگا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے پاؤر ہاؤس چورنگی، پانچ نمبر اورنگی، واٹر پمپ، مین حب ریور روڈ، شیر شاہ پراچہ چوک اور جوہر موڑ پر بھی احتجاج ہوگا۔ جماعت اسلامی کراچی کے کارکنان کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اہلیان شہر سے مظاہروں میں شرکت کی درخواست کی ہے۔