مسابقتی کمیشن پاکستان نے گمراہ کن تشہیر کے ذریعے آئس کریم کے نام پر فروزن ڈیزرٹ بیچنے والی معروف کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے کمپنیوں کو اپنی مصنوعات پر فروزن ڈیزرٹ اور اجزا کی واضح نشاندہی کی ہدایت کردی۔ رپورٹ کے مطابق مسابقتی کمیشن پاکستان نے فروزن ڈیزرٹ بنانے والی بڑی کمپنیوں پرگمراہ کن مارکیٹنگ کرنے پر جرمانہ عائد کردیا، کمپنیاں اپنی فروزن ڈیزرٹ کو آئس کریم کے نام سے مارکیٹ کر رہی ہیں۔
مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق والز کے نام سے ڈیزرٹ بنانے والی کمپنی یونی لیور پر 9 کروڑ 50 لاکھ روپے، جبکہ اومور کے نام سے ڈیزرٹ بنانے والی کمپنی فریزلینڈ کمپینا اینگرو پاکستان پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوڈ کوالٹی اسٹینڈرز کے مطابق آئس کریم صرف دودھ اور دیگر ڈیری پروڈکٹس سے تیار کی جاتی ہے، فروزن ڈیزرٹ میں ویجیٹیبل آئل اور چکنائی استعمال کی جاتی ہے۔ مسابقتی کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ کمپنیاں اپنی پروڈکٹ پر فروزن ڈیزرٹ اور اجزا کی واضح نشان دہی کریں۔