وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بل برنیٹ کی ملاقات ہوئی اور آئی بی اے اور سندھ حکومت کے درمیان اشتراک پر گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بل برنیٹ نے ملاقات کی ، ملاقات میں بل برنیٹ نے سول سروس اصلاحات پر اپنے تجربات پیش کیے،ملاقات میں سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کو سراہا گیا۔
آئی بی اے اور سندھ حکومت کے درمیان اشتراک پر گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم ایسا سروس اسٹرکچر چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل حل کرے، گورننس کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، عوامی خدمات کے لیے مؤثر اور مضبوط نظام کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی سہولتوں کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی پر کام کرے گی، معیشت کو ترقی دینے کے لیئے نجی شعبہ کو آگے لانا ہوگا ،یہ وہ دور ہے کہ آپکو دنیا بھر سے ٹیلنٹ لانا ہوگا جو دیگر ممالک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے 41 اسکالرز یہاں تعلیم حاصل کر کے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی فیکلٹی کی میمبرز بن گئے ہیں۔
امریکی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بل برنیٹ نے کہا کہ شہر کراچی جیسی ٹریفک میں نے کہیں اور نہیں دیکھی، پاکستان میں ہر شخص کے پاس موبائل فون موجود ہے، موبائل ایپ کے ذریعے تمام سہولیات کو ڈیجیٹل کیا جا سکتا ہے،ڈیجیٹل نظام سے عوام کو سہولت اور مسائل کا فوری حل ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ٹریفک مسائل پر تبصرہ، بہتری کی گنجائش موجود ہے جو آسانی سے ہو سکتی ہے ،ٹریفک مسائل صرف سسٹم ٹھیک نہ ہونا نہیں بلکہ یہ انسانی رویہ بھی ہے کہ غلط ڈرائیو کرنا، غلط پارکنگ وغیرہ ہیں، بل برنیٹ نے سندھ میں جدید سول سروس ماڈل کی تجویز دی۔
صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، سردار شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجواور بیوروکریٹس بھی اس موقع پر موجود تھے،ملاقات میں آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی، اعظم علی، جنید عزیز، عبیرہ، عثمان نذیر اور دیگر بھی شریک ہوئے۔