کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطر کی لائن کی مرمت آج سے شروع کی جائے گی، جس سے اگلے چند روز تک شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہنے کا امکان ہے۔ کراچی واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہر کو یومیہ 65 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، مرمتی کام کے باعث 15 کروڑ گیلن پانی کی کمی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام مکمل ہونے تک لیاری، کلفٹن، گلشن اقبال، جمشید ٹاؤن اور اولڈ سٹی ایریا متاثر ہوں گے تاہم بدھ کی شام تک شہر میں پانی کی فراہمی بحال ہو جائے گی۔ کراچی واٹر بورڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر صلاح الدین احمد نےکہا کہ اس وقت کراچی کے 70 فیصد علاقوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ بی آر ٹی کنٹریکٹر پر پائپ ٹوٹنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹر کو تمام نقشے فراہم کیے جا چکے تھے، ترقیاتی کام کے دوران احتیاطی تقاضے پورے کرنا ضروری تھا۔
انجنیئر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹوٹی ہوئی پانی کی پائپ لائن کی مرمت اگلے ایک دو روز مکمل ہونے کا امکان ہے۔